14 جنوری ، 2013
مظفر آباد … آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان میں گورنر راج کو کامیاب بنانے کیلئے دیگر نظام بھی فوج کے حوالے کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے سینٹرل پر یس کلب مظفرآباد میں پر یس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ سردار عتیق کا کہنا تھا کہ ملک میں جہاں بھی ضرورت ہو حالات بدترین ہو نے سے قبل ہی افواج پاکستان کو بلا لینا چاہئے، ملک کا موجودہ انتخابی نظام فرسودہ ہو چکا ہے اور امور مملکت چلانے کیلئے وزارت خارجہ،داخلہ اور دفاع کو یکجا کر کے ایک نیا نظام متعارف کروانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، بھارتی آرمی چیف کے بیانات قابل مذمت ہیں۔