05 نومبر ، 2023
مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کا فلسطینیوں اور قبلہ اول سے نظریاتی تعلق ہے، فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنے پر پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
تحریک لبیک پاکستان نے غزہ پراسرائیلی جارحیت کے خلاف اسلام آباد میں طوفان الاقصیٰ مارچ کیا جس میں بڑی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔
فلسطینی پرچم اٹھائے کارکنوں نے لبیک یا اقصیٰ کے نعرے لگائے۔
طوفان الاقصیٰ مارچ سے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے ٹیلیفونک خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی تنازعات میں پاکستان کے مؤقف کو اہمیت حاصل ہے، پاکستان کے لوگ اسلام کے فرزند ہیں، برصغیر کے مسلمانوں نے انگریز کا مقابلہ کیا اور آزادی حاصل کی، افغانستان نے بھی جہاد کرکے عالمی استعمار سے آزادی حاصل کی۔
ان کا کہنا تھاکہ فلسطینی و کشمیری آج بھی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، حماس نے طوفان الاقصیٰ آپریشن میں ہزاروں شہدا پیش کرکے عالم اسلام کی جنگ لڑی ہے، ہم نے اسرائیل کا گریٹر اسرائیل کا خواب چکنا چور کردیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کا فلسطینیوں اور قبلہ اول سے نظریاتی تعلق ہے، فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنے پر پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور تمام پاکستانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔