14 جنوری ، 2013
پشاور … پشاور سے ملحقہ نیم قبائلی علاقے میں تعینات 200 سے زیادہ لیویز اہلکار وں نے فرائض کی انجام دہی سے انکار کر دیا ہے اور یہاں لیویز کی کئی چیک پوسٹیں گزشتہ 18 روز سے خالی پڑی ہیں۔ لیویز حکام کے مطابق ایف آر پشاور سے 27 دسمبر کو 22 لیویز جوانوں کے اغواء اور قتل کے بعد دوسرے لیویز اہلکار خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔ اس واقعے کے بعد ایف آر پشاور میں تعینات 200 سے زیادہ لیویز اہلکار 18 دنوں سے ڈیوٹی پر نہیں آرہے۔ حکام کے مطابق لیویز کے پاس جدید اسلحہ ہے نہ انہیں مناسب تربیت فراہم کی گئی ہے۔ پشاو ر کے مضافاتی علاقوں میں قائم ان کی چوکیاں بھی غیر محفوظ ہیں۔ ذرائع کے مطابق لیویز اہلکاروں کی غیر حاضری سے متعلق انتظامیہ بھی آگاہ ہے تاہم اب تک کوئی ٹھوس کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکی۔