14 جنوری ، 2013
لاہور … سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ نگران سیٹ اپ کیلئے مشاورت کے سب پابند ہیں، ملک میں تیسری قوت کی کوئی گنجائش نہیں، طاہر القادری کو قوم نے مسترد کردیا۔ یوسف رضا گیلانی مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف سے ان کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کیلئے رائے ونڈ گئے۔ بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ نگران سیٹ اپ پر پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن سمیت سب کو بات کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ طاہر القادری کی سیاسی حیثیت نہیں، انہیں سنجیدہ نہیں لیتے نہ ہی ایک بھی چھوٹی بڑی جماعت ان کی حمایت کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان سمیت ملک میں امن و امان کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کو مل کر بات کرنا ہوگی، انتہا پسندی کے مکمل خاتمے کیلئے بھی مل کر ٹھوس اور دیرپا حکمت عملی اپنانا ہو گی۔