Time 07 نومبر ، 2023
پاکستان

ن لیگ میں موجود ہوں مگر نئے الیکشن میں حصہ لینے کا قائل نہیں، شاہد خاقان عباسی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے  ن لیگ میں موجود ہوں مگر نئے الیکشن میں حصہ لینے کا قائل نہیں ۔

ایک انٹرویو میں شاہد خان عباسی نے کہا کہ مجھے مسلم لیگ ن کے اجلاس میں بلایا نہیں گیا، میں نے شہباز شریف کو خود کہہ دیا تھا کہ مجھے پارٹی امور سے علیحدہ رکھیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے پہلے سے کہہ دیا تھا کہ پارٹی میں اگلی نسل آئے گی تو میں عہدے دار نہیں رہوں گا، مسلم لیگ ن میں موجود ہوں مگر نئے الیکشن میں حصہ لینے کا قائل نہیں، حلقے کے عوام کا مجھ پر بہت دباؤ ہے کہ الیکشن لڑوں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ الیکشن سے مسائل حل نہیں ہوں گے،مسائل حل کرنے کے لیے تمام جماعتوں کو آپس میں بیٹھنا ہو گا۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جو لوگ جیل میں ہیں، چاہے انہیں مقبولیت حاصل ہے یا نہیں، انہیں سیاست کو ایک طرف رکھنا پڑے گا، سب جماعتوں کو موقع مل چکا ہے، کوئی کچھ نہیں کر سکا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن آمد پر شہباز شریف سمیت دیگر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف سے پارٹی رہنما خواجہ آصف، احسن اقبال، اسحاق ڈار اور مریم اورنگزیب نے ملاقات کی جس میں ملکی صورتحال اور پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید خبریں :