09 نومبر ، 2023
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے بینکنگ سرکل کراچی نے حوالہ ہنڈی کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 3 ملزمان گرفتار کرکے لاکھوں مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی۔
ایف آئی اے کی جانب سے جمشید ٹاؤن میں غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف کارروائی کی گئی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث تھے،گرفتار ملزمان بغیر لائسنس غیر ملکی کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہے تھے، گرفتار ملزمان میں محمد آصف، حافظ فہیم اور عمران عدمانی شامل ہیں۔
ملزمان سے 1 کروڑ ایرانی ریال، 8 ہزار 946 سعودی ریال، 1280 یواے ای درہم، اور امانی ریال،کینیڈین ڈالر اور 7 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے بھی برآمد ہوئے۔
ملزمان کے موبائل فون سے ہنڈی حوالہ کے پیغامات اور رجسٹر بھی برآمد کر لیےگئے، ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کرسکے، ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔