Time 24 نومبر ، 2023
کھیل

ورلڈکپ ٹرافی پر پاؤں کیوں رکھا؟ مچل مارش کیخلاف بھارت میں مقدمہ درج

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کی ٹرافی پر پاؤں رکھنے پر آسٹریلوی کرکٹر مچل مارش کے خلاف بھارت میں مقدمہ درج ہوگیا۔

19 نومبر کو احمد آباد میں آسٹریلیا نے آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر چھٹی بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔

ورلڈکپ جیتنے کے بعد آسٹریلوی ٹیم کے بیٹر مچل مارش کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں ورلڈکپ ٹرافی پر پاؤں رکھے ہوئےدیکھا گیا تھا۔

ورلڈکپ کی ٹرافی پر پاؤں رکھنے پر مچل مارش کو بھارتی شائقین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جبکہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی نے بھی کہا تھا کہ  انہیں ورلڈ کپ ٹرافی پر مارش کے پاؤں دیکھ کر چوٹ لگی ہے۔

تاہم اب  علی گڑھ کے ایک سماجی کارکن نے مچل مارش کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے جس میں مؤقف اختیارکیا گیا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹر کے عمل نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے شائقین کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچائی ہے۔

اس کے علاوہ سماجی کارکن نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو خط بھی لکھا جس میں ان پر زور دیا گیا کہ وہ مچل مارش کے بھارت میں کھیلنے پر پابندی عائد کریں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے فائنل کے بعد بھارتی شہریوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر کئی آسٹریلوی کرکٹرز کے اہلخانہ کو ہراساں کیا گیا تھا۔

مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر فائنل میں سنچری اسکور کرنے والے آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ کی اہلیہ جیسیکا ڈیویس اور بیٹی کو ریپ اور جان سے مار دینے کی دھمکیاں دی جانے لگیں۔

مزید خبریں :