جرائم
Time 29 نومبر ، 2023

لاہور: پتوکی سے تفریحی دورے پرکشمیر جانے والی کالج بس پر فائرنگ، دو طالبات زخمی

کالج والے دونوں زخمی طالبات کو اسپتال بھجوا کر خود تفریحی دورے پر روانہ ہوگئے تھے: زخمی طالبہ کے بھائی کا بیان— فوٹو: فائل
کالج والے دونوں زخمی طالبات کو اسپتال بھجوا کر خود تفریحی دورے پر روانہ ہوگئے تھے: زخمی طالبہ کے بھائی کا بیان— فوٹو: فائل

پتوکی سے تفریحی دورے پر کشمیر جانے والی نجی کالج کی بس پر لاہور میں فائرنگ، دو طالبات زخمی ہوگئیں، سر میں گولی لگنے سے ایک طالبہ کی حالت نازک ہونے کے باعث انہیں کو وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا۔

سندر کے قریب بس پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی دوسری طالبہ نمرہ لاہور کے سروسز اسپتال میں زیرعلاج ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہربتائی گئی ہے۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نمرہ کا کہنا تھا کہ میں اورعائشہ بس میں پیچھے بیٹھی تھیں کہ اچانک فائرنگ ہوئی جس سے ہم دونوں زخمی ہوگئیں، بس کا شیشہ بھی ٹوٹ کر لگا جس کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے ہمیں اسپتال منتقل کیا۔

نمرہ کے بھائی حمزہ نے بتایا کہ گولی نمرہ کے سر کے بائیں حصے کو چھو کر نکلی ہے، ٹیچر نے فون پر بتایا تھا کہ نمرہ کو معمولی چوٹ آئی ہے، اسپتال میں معلوم ہوا کہ نمرہ کو سر میں گولی لگی ہے۔

حمزہ نے یہ بھی بتایا کہ کالج والے دونوں زخمی طالبات کو اسپتال بھجوا کر خود تفریحی دورے پر روانہ ہوگئے تھے۔

ادھر جیو نیوز کی حاصل کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں واقعے کے روز فائرنگ سے قبل کالج کی بس کو ملتان روڈ پر سندر کے علاقے سے گزرتے دیکھا جاسکتا ہے، فوٹیج میں ایک کار بھی بس کے آگے سے گزرتے دیکھائی دے رہی ہے۔

دوسری جانب ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور کا کہنا تھا کہ بس کو ڈرائیور سمیت فوری واپس بلا لیا ہے، نامعلوم فائرنگ کرنے والے افراد کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

مزید خبریں :