17 جنوری ، 2013
اسلام آباد…چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری نے رینٹل پاور کیس کی سماعت کے دوران کہا ہے کہ راجہ پرویز اشرف سمیت تمام ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا تھا،عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کیوں نہیں ہو رہا۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ 15 جنوری کو کہا تھا کہ ملزمان کے چالان داخل کر کے انہیں گرفتار کیا جائے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کیس کی سماعت کررہا ہے۔چیف جسٹس نے سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ رینٹل پاور کیس میں ایسے لوگ بھی ہیں جو خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں،ہم ایک بات جانتے ہیں کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ 30مارچ 2012 کوفیصلہ نیب کی میز پر تھا، تفتیش ابھی تک مکمل کیوں نہیں ہوئی۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ رینٹل پاور کیس کا فیصلہ سرکاری دستاویزات پر مبنی ہے۔