17 جنوری ، 2013
پشاور…پولیس اہلکاروں پر فائرنگ اور بم حملوں کے پے در پے واقعات کے بعد خیبر پختون خوا حکومت نے پولیس کے زیر استعمال گاڑیوں کو بلٹ پروف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق خیبر پختون خوا حکومت نے صوبہ میں پولیس کے زیر استعمال موبائل گاڑیوں اور جیپوں کو بلٹ پروف گاڑیوں میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔فیصلے کے تحت پولیس کے زیر استعمال 274گاڑیوں کو بلٹ پروف بنایا جائے گا۔جس پر دو ارب روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔انسپکٹر جنرل خیبر پختون خوا پولیس اکبر خان ہوتی نے صوبائی حکومت کو آگاہ کیا تھا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران فائرنگ اور بم دھماکوں میں 695 پولیس اہلکار جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ایسی صورتحال میں پولیس اہلکاروں کے لئے امن وامان کے حوالے سے کشیدہ علاقوں میں کام کرنا مشکل ہورہا ہے۔آئی جی کے تحفظات کے بعد صوبائی حکومت نے گاڑیوں کو بلٹ پروف بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔