17 جنوری ، 2013
اسلام آباد … آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت پنجاب ،خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان، گلگت بلتستا ن اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے اور پہاڑوں پر برف باری کی توقع ہے۔ اسلام آباد میں ہلکی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ لاہورمیں بھی بونداباندی سے سردی بڑھ گئی ہے۔ کراچی میں گہرے بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل لاہور ، گوجرانوالہ، ساہیوال ڈویژن اور کشمیر میں اکثر مقامات پر بارش کا امکان ہے جبکہ آئندہ 2 روز میں مری، گلیات، مالاکنڈ، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بھی برفباری کی توقع ہے۔ آج قلات منفی 10 اور پارا چنار میں منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ سب سے سرد مقام رہے۔ اسکردو کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 8، استور منفی 6، گوپس منفی 5، ہنزہ منفی 4، دروش، مالم جبہ منفی 3، چترال، گلگت اور بنجی میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 15، لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں 4 جبکہ کوئٹہ منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔