05 دسمبر ، 2023
وزیر مملکت برائے سیاحت وصی شاہ نے گلگت بلتستان میں کوہ پیماؤں کا سامان اٹھانے اور بلند ترین چوٹیوں تک جانے والے پورٹرز کی حفاظت اور فلاح وبہبود کو یقینی بنانے کے لیے ٹور آپریٹنگ کمپنیوں کو ہدایات جاری کر دیں۔
محکمہ ٹورازم گلگت بلتستان کی طرف سے جاری ایک اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ وزیر مملکت برائے سیاحت وصی شاہ کی طرف سے گلگت بلتستان کے پورٹرز کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ٹور آپریٹنگ کمپنیوں اور ایکسپیڈیشن سروس پرووائڈرز کے لیے نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ان ہدایات کے مطابق کوہ پیماؤں کی مدد کے دوران اموات کی صورت میں پورٹر کی کم از کم انشورنش 30 لاکھ جب کہ زخمی ہونے کی صورت میں20 لاکھ روپے کی جائے۔
ایکسپیڈیشن سروس پرووائڈرز کی انشورنش کے بغیرکوئی پورٹر یا مدد دینے والا اسٹاف کسی بھی مہم پر نہ جائے، تمام پورٹرز اور خصوصاً انتہائی بلندی تک جانے والے پورٹرز کو تمام ضروری ساز و سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے، پورٹرز کو جدید تقاضوں کے مطابق سازو سامان اور کپڑے فراہم کیے جائیں، پورٹرز کو ضروری ساز وسامان فراہم نہ کرنے والی کمپنیوں کو 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے، جرمانے کی رقم پورٹرز ویلفیئر فنڈ میں جمع کی جائے، کے ٹو اور چار دیگر آٹھ ہزار میٹر بلند چوٹیوں کی رائلٹی فیس بھی بڑھائی جائے۔