16 جنوری ، 2012
لاہور … وزیراعظم کو توہین عدالت کے نوٹس پر تحریک انصاف کے رہنما خورشید محمود قصوری کا کہنا ہے کہ حکومت نے عدالت کی ہدایات پر عمل نہیں کیا اس لئے سپریم کورٹ کو یہ ایکشن لینا پڑا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خورشید محمود قصوری کا کہنا تھا کہ حکومت سیاسی شہید بننا چاہ رہی ہے اس کی خود کی پالیسی ہے کہ آ بیل مجھے مار۔ خورشید قصوری کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کے گرد اپنا گھیرا تنگ کر رہا ہے، اسے ہوش کے ناخن لینے چاہئیں اگر ایران پر حملہ ہوا تو تحریک انصاف اس کی مخالفت کرے گی۔ ایران پر حملے کے پاکستان پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اور اس کا پاکستان کو بھی نقصان ہو گا۔