پاکستان
Time 08 دسمبر ، 2023

پنجاب: بیوٹی انجیکشن لگانیوالے غیر مستند افراد کیخلاف تیز کریک ڈاؤن کا حکم

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی منظورشدہ بیوٹی کریم، داوئیں اور انجیکشنز استعمال کیے جائیں: نگران وزیر پنجاب/ فائل فوٹو
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی منظورشدہ بیوٹی کریم، داوئیں اور انجیکشنز استعمال کیے جائیں: نگران وزیر پنجاب/ فائل فوٹو

لاہور: پنجاب کے نگران وزیر پرائمری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر نے بیوٹی انجیکشن لگانے والے غیر مستند افراد کے خلاف تیز کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔

پنجاب کے ضلعی ڈرگز کوالٹی کنٹرول بورڈز کے سیکرٹریز کی کانفرنس سے خطاب میں نگران وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ  بیوٹی کے نام پر بیماریاں لگانے والوں سے کوئی رعایت نہ کی جائے، پنجاب میں تمام بیوٹی پارلرز کی قانونی حیثیت چیک کی جائے اور  ہیلتھ کیئر کمیشن کی مشاورت سے بیوٹی پارلرز کے لیے ایس او پیز بنائے جائیں۔

ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ غیر رجسٹرڈ بیوٹی کریموں، ٹیکوں، اور ادویات پرپابندی لگا دی گئی ہے،  ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی منظورشدہ بیوٹی کریم، داوئیں اور انجیکشنز استعمال کیے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ  غیر معیاری بیوٹی کریمز پیچیدہ بیماریوں حتیٰ کہ کینسر کا باعث بن رہی ہیں جب کہ صرف کوالیفائیڈ اسکن اسپیشلسٹ اور سرجن ہی بیوٹی انجیکشن لگا سکتے ہیں۔