دنیا
Time 09 مئی ، 2024

قاہرہ مذاکرات بے نتیجہ ختم، رفح میں آپریشن جاری رہےگا: اسرائیلی عہدیدار

عہدے دار نے بتایا کہ وفد نے حماس کی تجاویزپرتحفظات سے مصالحت کاروں کو آگاہ کردیا ہے— فوٹو: رائٹرز
عہدے دار نے بتایا کہ وفد نے حماس کی تجاویزپرتحفظات سے مصالحت کاروں کو آگاہ کردیا ہے— فوٹو: رائٹرز

ایک سینیئر اسرائیلی عہدے دار کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ بندی کے حوالے سے قاہرہ میں جاری مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی عہدے دار نے بتایا کہ مذاکرات میں شریک اسرائیلی وفد نے حماس کی تجاویز  پر اپنے تحفظات سے مصالحت کاروں کو  آگاہ کردیا ہے۔

اسرائیلی عہدے دار  نےکہا کہ اسرائیلی وفد قاہرہ سے واپس آرہا ہے اور  اسرائیل رفح سمیت غزہ پٹی کے دیگر علاقوں میں جنگی مہم طے شدہ منصوبےکےتحت جاری رکھےگا۔

خیال رہے کہ جنگ بندی کی متعدد کوششوں کے بعد حماس کی جانب سے پیر کے روز مصر اور قطر کی جانب سے تجویز کیے گئے جنگ بندی معاہدے کو قبول کرنےکا اعلان کیا گیا تھا تاہم اسرائیل نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف معاہدے کو مسترد کردیا بلکہ  غزہ کے علاقے رفح میں زمینی حملہ بھی کردیا۔

جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں جنگ زدہ لاکھوں بےگھر فلسطینی پناہ لیے ہوئے تھے  جو اسرائیلی حملے کے نتیجے میں ایک بار پھر نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔

رفح پر زمینی حملے کے ساتھ ہی اسرائیلی افواج نے رفح سرحدی کراسنگ  پر قبضہ کرکے غزہ کا مصر  کے ساتھ زمینی رابطہ بھی کاٹ دیا ہے۔

مزید خبریں :