17 جنوری ، 2013
لاہور…امیر جماعت اسلامی سید منورحسن نے کہا ہے کہ بلوچستان کی طرح خیبر پختونخوا کے حالات کو بھی سوچے سمجھے منصوبے کے تحت خراب کیا جارہاہے،ملک دشمن عناصر پاکستان کو غیرمستحکم کرکے مکروہ عزائم پورا کرنا چاہتے ہیں، منصورہ لاہورمیں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے سید منورحسن نے کہاکہ باڑہ سمیت خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں جاری ملٹری آپریشن فوری ختم کیا جائے،دنیا میں کوئی ایسی مثال نہیں جہاں ملٹری آپریشن سے مسئلے کا حل نکل سکا ہو،سید منورحسن نے کہاکہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود کراچی میں ووٹر لسٹوں کی تصدیق فوج کی بجائے ایم کیو ایم کے کارکنوں کی نگرانی میں کروائی جارہی ہے، حکومت نے کراچی کے تمام معاملات متحدہ کے ہاتھ میں دے رکھے ہیں۔