09 دسمبر ، 2023
جاپان کی جانب سے ساحل پر تابکاری پانی چھوڑے جانے کے تین ماہ بعد ہزاروں ٹن مچھلیاں ساحل پر مردہ حالت میں پائی گئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جمعرات کی صبح شمالی جاپان کے جزیرے ہاکوڈیٹ کے ساحل پر ایک میل تک مردہ مچھلیوں کو دیکھا گیا، خیال کیا جارہا ہے کہ مچھلیوں کی اموات 3 ماہ قبل جاپانی حکومت کی جانب سے سمندر میں فوکوشیما نیوکلیئر پلانٹ سے چھوڑے گئے ٹریٹڈ تابکاری پانی کی وجہ سے ہوئی ہے جس نے مقامی ماحولیاتی نظام کو تباہ کردیا ہے تاہم اس حوالے سے ابھی ماہرین کسی ٹھوس نتیجے پر نہیں پہنچ سکے ہیں۔
اس حوالےسے جاپان کے فشریز ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے محققین کا کہنا ہےکہ ہو سکتا ہے کہ مچھلیاں گہرے پانی میں جاتے وقت آکسیجن کی کمی کی وجہ سے مری ہوں ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تابکاری پانی کو سمندر میں چھوڑے جانے کے بعد سے چین نے جاپان سے تمام تر آبی خوراک پر پابندی لگا دی تھی اور ساتھ ہی چین نے جاپان کو انتہائی خود غرض اور غیر ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔
جنوبی کوریا نے اس کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ سمندر جاپان کا کوڑا دان نہیں۔