Time 16 دسمبر ، 2023
پاکستان

لیڈی ریڈنگ اسپتال میں سرجیکل آلات و ادویات کی کمی، تنخواہوں میں تاخیر پر سینئر ڈاکٹرز مستعفی

استعفیٰ دینے والے سینئر ڈاکٹرز میں انچارج شعبہ پیڈیاٹرک کارڈیک سرجری ڈاکٹر طارق سہیل، انچارج شعبہ ای این ٹی ڈاکٹر طاہر محمد اور انچارج شعبہ پیڈ سرجری ڈاکٹر فاروق عبداللہ شامل ہیں/ فائل فوٹو
استعفیٰ دینے والے سینئر ڈاکٹرز میں انچارج شعبہ پیڈیاٹرک کارڈیک سرجری ڈاکٹر طارق سہیل، انچارج شعبہ ای این ٹی ڈاکٹر طاہر محمد اور انچارج شعبہ پیڈ سرجری ڈاکٹر فاروق عبداللہ شامل ہیں/ فائل فوٹو

پشاور: صوبے کے سب سے بڑے تدریسی لیڈی ریڈنگ اسپتال میں غیریقینی صورتحال ہے جہاں سرجیکل آلات و ادویات کی کمی اور  تنخواہوں میں تاخیر کے باعث مختلف شعبہ جات کے سینئر ڈاکٹرز مستعفی ہوگئے۔

صوبے کے سب سے بڑے تدریسی لیڈی ریڈنگ اسپتال میں فنڈز کی عدم فراہمی، سرجیکل آلات و ادویات کی کمی، تنخواہوں میں تاخیرکے باعث اور دیگر مسائل کے سبب مختلف شعبہ جات کے سینئرز ڈاکٹرز گزشتہ 3 ماہ کے دوران مستعفی ہوگئے ہیں۔

استعفیٰ دینے والے سینئرز ڈاکٹرز میں انچارج شعبہ پیڈیاٹرک کارڈیک سرجری ڈاکٹر طارق سہیل، انچارج شعبہ ای این ٹی ڈاکٹر طاہر محمد اور انچارج شعبہ پیڈ سرجری ڈاکٹر فاروق عبداللہ شامل ہیں۔

ڈاکٹر طارق سہیل صوبے بھر میں بچوں کے واحد پیڈیاٹرک کارڈیک سرجن تھے جو کہ اس وقت سعودی عرب میں اسپتال میں خدمات انجام دے رہے ہیں جب کہ ڈاکٹر طاہر محمد گردن اور ہیڈ کےکینسر میں مبتلا مریضوں کا علاج کرتےتھے اور انہوں نے اسلام آباد کے نجی اسپتال میں ملازمت اختیار کرلی ہے۔

ادھر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے 2021 میں بیرون ملک نوکری چھوڑکر ایل آر ایچ میں ڈیوٹی شروع کی۔

ڈاکٹرز کے مطابق اسپتال میں غیریقینی صورتحال، سرجیکل آلات و ادویات کی کمی، تنخواہوں میں تاخیر کے باعث مستعفی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہےکہ اسپتال میں ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کیا جائے گا۔

مزید خبریں :