ویڈیو: پاکستان برائیڈل شو میں فلسطین کیلئے آواز بلند کی گئی

لاہور میں تین روزہ برائیڈل فیشن شو جاری ہے جس میں ماڈلز سمیت معروف پاکستانی اداکار و شخصیات نے نامور  پاکستانی فیشن ڈیزائنرز کے عروسی ملبوسات کی نمائش کی۔

برائیڈل شو کے دوسرے روز ریمپ پر فلسطین کی آزادی کے گیت سنائی دیے اور ڈیزائنر عمران راجپوت کی ڈیزائن کردہ شیروانی پہن کر احسن خان نے ریمپ واک کی۔

 اداکار احسن خان ریمپ پر آئے تو انہوں نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پلے کارڈ اٹھا رکھا تھا۔

 پلے کارڈ پر فلسطین میں ہر بچے اور ہر گھر کے لیے امن کے نعرے درج تھے۔

احسن خان کے بعد جب آمنہ الیاس عمران راجپوت کا جوڑا پہنے واک کے لیے ریمپ پر آئیں تو فلسطین کی آزادی کا گیت بھی گونج رہا تھا۔

واضح رہے کہ برائیڈل فیشن شو کے پہلے روز 9 ڈیزائنرز نے اپنی کلیکشن کو نمائش کے لیے پیش کیا۔

فیشن شو کے دوران نامور اداکاروں درِ فشاں، عمران اشرف، کنزا ہاشمی، فیروز خان، ریشم، حرا مانی، کومل میر، صبور علی، صبا قمر اور ایمان علی سمیت دیگر نے بطور شو اسٹاپر ریمپ واک کی۔

شو میں جہاں ماڈلز نے جلوے بکھیرے وہیں گلوکاروں نے بھی اپنی پرفارمنس سے سماں باندھ دیا۔

فیشن کے دلدادہ افراد کا کہنا تھا کہ اس طرح کے شوز سے انہیں نت نئے ڈیزائن دیکھنے کو ملتے ہیں۔

مزید خبریں :