25 فروری ، 2012
کراچی/حیدرآباد… آج صبح سویرے بن قاسم ، حیدرآباد،نوابشاہ،پڈعیدن ، خیرپور، کوٹری اورگھوٹکی کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے ہوئے ،جس سے ٹریک کو نقصان پہنچا اور متعدد ٹرینوں کو مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر روک لیا گیا۔پولیس کے مطابق سب سے پہلے نوابشاہ کے علاقے گاوٴں لونگ خان کیریو کے قریب ریلوے ٹریک پر دودھماکے ہوئے جبکہ دوسراواقعہ حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد میں پیش آیا جہاں ریلوے ٹریک پر دو دھماکوں سے ٹریک کو ایک سے دو فٹ تک نقصان پہنچا۔ اس کے علاوہ پڈعیدن کے قریب بھی ریلوے ٹریک پر دودھماکے ہوئے جس کے بعد ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک لیا گیا۔ اسی دوران حیدر آباد میں لطیف آباد کے قریب بھی ٹریک پر دو دھماکے ہوئیجن سے ٹریک کو نقصان پہنچا اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ خیرپور کے قریب ڈیپارچہ میں ٹریک پر دھماکا کیا گیا،جس سے ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ اس کے علاوہ کوٹری کے قریب بھی دھماکا ہوا ،جس سے ٹریک کے دو فٹ کے حصے کو نقصان پہنچا۔ گھوٹکی کے قریب گڑنگی کے مقام پربھی ریلوے ٹریک پر دو دھماکے ہوئے،جس سے ٹریک کو نقصان پہنچا۔اس کے بعد بن قاسم کے قریب بھی ریلوے ٹریک پر ہلکی نوعیت کے دھماکے نے ریلوے ٹریک اڑا دیا۔ ریلوے ذرائع کے مطابق زکریا اور فرید ایکسپریس کو صادق آباد پر روک لیا گیا ہے۔