پاکستان

پنڈی پولیس نے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی گاڑی پر فائرنگ کی تردید کردی

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی گاڑی فائرنگ سے قبل گزر چکی تھی : ترجمان پولیس— فوٹو:فائل
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی گاڑی فائرنگ سے قبل گزر چکی تھی : ترجمان پولیس— فوٹو:فائل

راولپنڈی پولیس نے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی گاڑی پر فائرنگ کی تردید کردی۔

اس سے قبل پولیس ذرائع سے خبر سامنے آئی تھی کہ احتساب عدالت کے جج اڈیالا جیل سے  عمران خان کے کیس کی سماعت سے واپس آ رہے تھے کہ ان کی گاڑی کے قریب مبینہ فائرنگ ہوئی۔

تاہم اب پنڈی پولیس نے واقعے کی تردید کردی ہے۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ جج محمد بشیر کی گاڑی پر فائرنگ کی خبر درست نہیں، پی اے ایف چوک پر شایان نامی لڑکا اپنے عزیزوں کو زبردستی ساتھ لے کر جارہا تھا۔

پولیس نے بتایاکہ شایان کے عزیز اس کے ساتھ جانے سے انکاری تھے تو ملزم نے ہوائی فائرنگ کردی، ملزم شایان کو تھانہ ائیرپورٹ پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی گاڑی فائرنگ سے قبل گزر چکی تھی۔ 

خیال رہے کہ  احتساب عدالت کے جج محمد بشیر سابق وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر اہم شخصیات کے نیب کیسز کی سماعت کر رہے ہیں۔

مزید خبریں :