24 دسمبر ، 2023
پشاور میں پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے ارباب خاندان کے پارٹی سے اختلافات ختم ہوگئے۔
پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر سید محمد علی شاہ نے سابق وزیر ارباب عالمگیر اور عاصمہ عالمگیر سے ملاقات کر کے ان کو منا لیا ہے۔ ارباب خاندان پیپلز پارٹی کی قیادت سے ناراض تھا اور پارٹی سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے ارباب عالمگیر قومی اور ان کے صاحبزادے ارباب زرک صوبائی اسمبلی کی نشست سے انتخابات میں حصہ لیں گے جبکہ خواتین کی مخصوص نشست عاصمہ عالمگیر کو ملے گی۔
ارباب خاندان کو منانے میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے بھی کردار ادا کیا ہے۔
ارباب عالمگیر نے این اے 31 اور زرک خان نے پی کے 80 کے لیے جبکہ عاصمہ عالمگیر نے قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشست کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے ہیں۔
رہنما پیپلز پارٹی ارباب عالمگیر کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت سے جو گلے شکوے تھے وہ دور ہو گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی جمہوری پارٹی ہے اور اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے۔ پیپلز پارٹی کے ساتھ طویل وابستگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری ، بلاول بھٹو اور یوسف رضا گیلانی سے بہت پیار ملا ہے۔