19 جنوری ، 2013
اسلام آباد … سیکریٹری خزانہ واجد رانا نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف اطمینان رکھے، پاکستان قرضوں کی واپسی بروقت کرے گا، 6 ماہ تک بیرونی ادائیگیوں اور تیل کی خریداری کوئی مسئلہ نہیں، پاکستان کو آئی ایم ایف سے نیا پروگرام لینے میں جلد ی نہیں۔ اسلام آباد میں جیو نیوز سے گفتگومیں سیکریٹری خزانہ کا کہنا تھاکہ معاشی اعداد و شمار پر آئی ایم ایف کو مطمئن کیا ہے، تیل کی درآمد کیلئے 4 ارب ڈالر سے زیادہ پڑے ہیں اور 6 ماہ تک بیرونی ادائیگیاں کوئی مسئلہ نہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر کسی اثاثے سے کم نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ معاشی ترقی کی شرح 4 فیصد رہے گی اور مالی خسارہ قابو میں رہے گا، یہ الیکشن سال ضرور ہے لیکن معاشی نظم و ضبط حکومت کا مشن ہے۔ سیکریٹری خزانہ کا مزید کہنا ہے کہ جولائی سے دسمبر تک مالی خسارہ معیشت کا 2.5 فیصد ہے جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 4.5 فیصد تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکس آمدنی بڑھانے کیلئے 21 جنوری کو قومی اسمبلی میں اسکیم کی قانونی سازی آجائے گی۔