پاکستان
25 فروری ، 2012

ضمنی انتخابات، بدین میں اسلحہ کی نمائش،میانوالی میں خواتین پر پابندی

ضمنی انتخابات، بدین میں اسلحہ کی نمائش،میانوالی میں خواتین پر پابندی

اسلام آباد… قومی اسمبلی کی چھ اور صوبائی اسمبلی کی چار نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ جاری ہے ۔ بدین میں سیاسی کارکنوں کی جانب سے اسلحے کی کھلے عام نمائش کی گئی جبکہ میانوالی کے علاقے میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روک دیا گیا ہے۔ ادھر این اے 140قصور قلعہ ناتھا سنگھ میں بھی دو سیاسی گروپوں میں فائرنگ کی اطلاعات ملی ہیںجس کے بعد پولنگ رک گئی اور رینجرز اور پولیس پولنگ اسٹیشن پہنچ گئی ہیں۔ بعض مقامات پر سردی کی وجہ سے لوگوں کی کم تعداد ووٹ دینے کیلئے آرہی ہے۔ پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا۔ قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 148 اور این اے 149ملتان،این اے 140قصور،این اے 195رحیم یار خان ،این اے 168 وہاڑی ،این اے 9 مردان اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں پی پی 18 اٹک،پی پی 44 میانوالی،پی ایس 53 ٹنڈو محمد خان اور پی ایس 57 بدین پر ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں اور اس سلسلے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے پولیس اور رینجرز بھی طلب کی گئی ہیں۔ ادھر رحیم یار خان این اے 195جمال دین والی کے پولنگ اسٹیشن میں جعلی ووٹنگ کا بھی انکشاف ہو اہے جس میں شناختی کارڈ کی کلر کاپی، فوٹو اسٹیٹ اور زائد المیعادشناختی کارڈ پر ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔رحیم یار خان میں فہرستوں کی مبینہ تبدیلی کے خلاف ووٹرز اور پولنگ ایجنٹوں نے احتجاج بھی کیا ہے تاہم اسٹنٹ الیکشن کمیشن نور لغاری کے مطابق فہرستیں تبدیل نہیں کی گئیں۔ میاں والی میں پی پی 44 کے ضمنی الیکشن میں علاقہ پائی خیل میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روک دیا گیا ہے۔ ضلع میانوالی میں آج ہونے والے ضمنی الیکشن میں خواتین کے اکثر پولنگ اسٹیشنز پر ووٹ پول ہوتے رہے تاہم گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول پائی خیل میں قائم خواتین کا پولنگ اسٹیشن نمبر 89 ، ووٹروں سے خالی رہا ، یہاں قائم پولنگ اسٹیشن پر عملہ تو موجود رہا لیکن ووٹرز نظر نہ آئیں، مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ پائی خیل کے علاقہ عمائدین نے خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کا فیصلہ کیا اور یہ روایت 1970سے جاری ہے۔

مزید خبریں :