05 جنوری ، 2024
لاہور کے علاقے اچھرہ میں ایک گھر میں آتشزدگی سے 4 بہن بھائی جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق گھر میں آگ لگنے کا واقعہ بابا اعظم چوک میں پیش آیا، بدقسمت خاندان چوتھی منزل پر ایک چھوٹے سے کرائے کے گھر میں رہتا تھا، گھر میں آگ لگنے سے 4 بچے جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق بچوں کا باپ نانبائی ہے جو صبح سویرے کام پر چلا گیا تھا جبکہ بچوں کی ماں لوگوں کے گھروں میں کام کرتی ہے، کمرے میں گیس سلینڈر کا چولہا پڑا تھا جس سے آگ لگ گئی، آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے کمرے میں موجود ہر چیز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور چاروں بہن بھائی موقع پر ہی جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں میں 12 سالہ ایمان، 8 سالہ نور فاطمہ، 5 سالہ ابراہیم اور 2 سالہ اسماعیل شامل ہیں۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آتشزدگی میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔