Time 05 جنوری ، 2024
پاکستان

فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 4 روز کی توسیع

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے فواد چوہدری کے خلاف جہلم میں تعمیراتی منصوبوں میں خوردبرد کیس کی سماعت کی/ فائل فوٹو
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے فواد چوہدری کے خلاف جہلم میں تعمیراتی منصوبوں میں خوردبرد کیس کی سماعت کی/ فائل فوٹو

اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق وزیر فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کردی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے فواد چوہدری کے خلاف جہلم میں تعمیراتی منصوبوں میں خوردبرد کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں نیب حکام نے سابق وزیر کو عدالت میں پیش کیا۔

فواد چوہدری کی جانب سے راجہ عامر نے وکالت نامہ جمع کرایا جب کہ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت میں دلائل دیے۔

دوران سماعت عدالت نے فوادچوہدری کی جانب سے فیملی سے ملاقات کی استدعا منظورکرلی۔

نیب پراسیکیوٹر نے فوادچوہدری کے مزید جسمانی ریمانڈ استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ 7 بینک اکاؤنٹس سے معلوم ہوتا ہےکہ چند ٹرانزیکشن مشکوک ہوئیں، مشکوک بینک اکاؤنٹس کی ٹرانزیکشن سے ملزم پر رشوت کا شک ہے۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ فواد چوہدری کیس سے متعلق بینکنگ ریکارڈ برآمد کرنا ہے لہٰذا ان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کی جائے۔

عدالت نے نیب کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو کچھ دیر بعد سناتے ہوئے فواد چوہدری کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

عدالت نے سابق وزیر فواد چوہدری کے مزید 4 روز کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا اور انہیں 9 جنوری کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

مزید خبریں :