پاکستان
20 جنوری ، 2013

اہلکاروں کی لاشیں پھینکنے کا مقصد لوگوں میں اشتعال پھیلانا ہے،ایف سی

خیبر ایجنسی …ترجمان ایف سی نے وضاحت کی ہے کہ چودہ اورپندرہ جنوری کی درمیانی شب باڑہ خیبرایجنسی میں شدت پسندوں نے ایف سی اہلکار اوراس کے اہل خانہ کوقتل کرکے لاشیں پھینک دیں۔دہشت گردباڑہ سے سیکورٹی فورسز کو نکلواکر حکومتی رٹ ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ایف سی کے وضاحتی بیان میں کہاگیاہے کہ چودہ اور پندرہ جنوری کی درمیانی شب خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ میں شدت پسندوں نے ایف سی اہلکار اور اس کے خاندان کے چار افراد کو قتل کیا۔ شدت پسندوں نے سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ اپنے ساتھیوں کی لاشیں بھی ویرانے میں پھینک دیں جس کے بعدپشاورمیں گورنرہاوٴس کے قریب احتجاج بھی کیاگیا۔ایف سی ترجمان کے مطابق شدت پسندوں کامقصد مقامی آبادی میں اشتعال پیداکرناہے۔ شدت پسند ایک منصوبے کے تحت باڑہ سے سیکورٹی فورسز کو نکلواکر حکومتی رٹ ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق قبائلی عوام شدت پسندوں کے جھانسے میں نہ آئیں۔

مزید خبریں :