Time 14 جنوری ، 2024
پاکستان

شکار کا موسم ہے اور شیر کا شکار بلے سے نہیں تیر سے ہو گا: بلاول

کارکن اپنے ساتھیوں کو بتائیں پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جو ن لیگ کو ہرا سکتی ہے، جب آپ شیر کے شکار کے لیے نکلتے ہیں تو بلا نہیں تیر ہی کام آتا ہے: چیئرمین پی پی__فوٹو: ایکس
کارکن اپنے ساتھیوں کو بتائیں پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جو ن لیگ کو ہرا سکتی ہے، جب آپ شیر کے شکار کے لیے نکلتے ہیں تو بلا نہیں تیر ہی کام آتا ہے: چیئرمین پی پی__فوٹو: ایکس

پاکستان پیپلز  پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ شکار کا موسم ہے اور شیر کا شکار بلے سے نہیں تیر سے ہوگا، یہ الیکشن ایسے لڑنا ہے جیسے زندگی اور موت کا مسئلہ ہو۔

 بہاولپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی نے کہا کہ کارکن اپنے ساتھیوں کو بتائیں کہ پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جو ن لیگ کو ہرا سکتی ہے، جب آپ شیر کے شکار کے لیے نکلتے ہیں تو بلا نہیں تیر ہی کام آتا ہے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ ہمارا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں ، بےروزگاری، غربت اور مہنگائی سے ہے، مزدوروں اورکسانوں کےلیے بے نظیر کارڈ لے کر آئیں گے، کسان کارڈ کے ذریعے انشورنس پالیسی بھی لے کرآئیں گے، نوجوانوں کے لیے یوتھ پروگرام لےکر آرہاہوں، انہیں مالی مدد اور روزگار دیں گے۔

جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہر یونین کونسل سے بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کروں گا، الیکشن کا سیزن ہے، پیپلز پارٹی کا فوکس پنجاب ہے،  میں لاہور سے الیکشن لڑ رہا ہوں، پیپلز پارٹی ہی جیتےگی، پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کے ساتھ صوبائی حکومتیں بھی بنائےگی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ  وزیراعظم جیالا ہوگا،  یہ الیکشن ایسے لڑنا ہے جیسے زندگی اور موت کا مسئلہ ہو، کسی بھی سیاسی جماعت کو آپ کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی نہیں، کرسی کے لیے انہوں نے سیاست کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کر دیا ہے۔

بلاول بھٹو نے خطاب میں کہا کہ پرانی سیاست کو ہمیں مل کر دفن کرنا ہوگا، نئی سوچ کے ساتھ عوام کی خدمت کریں گے، ایک سیاسی جماعت جیل سے بچنا چاہتی ہے اور دوسری جیل سے نکلنےکے لیےکوشش کر رہی ہے۔

مزید خبریں :