14 جنوری ، 2024
الیکشن کمیشن نے این اے 171 میں امیدوار اور پی ٹی آئی کے رکن ممتاز مصطفیٰ کی جانب سے ریٹرننک آفیسر (آر او) اور ڈسٹریکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) کو ہراساں کرنے کے معاملے کا سختی سے نوٹس لے لیا ہے اور امیدوار کو منگل کو سماعت کیلئے الیکشن کمیشن طلب کر لیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 171 کے امیدوار نے ڈی آر او کے آفس میں آر او اور ڈی آر او کو ہراساں کیا اور الیکشن کے پراسیس میں انتخابی نشان کی الاٹمنٹ کے موقع پر مداخلت کی۔
ترجمان نے بتایاکہ الیکشن کمیشن نے اس معاملے کی سنگینی کے پیش نظر فوری نوٹس لیا اور چیف الیکشن کمشنر نے ذاتی طور پر چیف سیکرٹری پنجاب، ڈی آر او و ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رحیم یار خان سے بات کر کے واقعے کی ابتدائی معلومات حاصل کیں۔
کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کو ذاتی حیثیت میں مکمل معلومات کے ساتھ منگل کو امیدوار کے ہمراہ الیکشن کمیشن آفس اسلام آباد میں باقاعدہ سماعت کے لیے طلب کر لیا ہے تاکہ آئین اور قانون کے تحت مزید کارروائی کی جا سکے۔
دوسری جانب پولیس نے پی ٹی آئی کے امیدوار ممتاز مصطفیٰ کی جانب سے ڈی آر او کے دفتر میں گھس کر افسر اور عملے کو یرغمال بنانے پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔