16 جنوری ، 2024
آزادکشمیر کے شہر میر پور میں لڑکےکا بھیس بدل کرپاکستان آکر شادی کے لیے لڑکیاں تلاش کرنے اور بیرون ملک لے جا کر فروخت کرنے والی پاکستانی نژاد فرانسیسی لڑکی گرفتار کرلی گئی۔
میرپور پولیس نے شادی کے بہانے لڑکیوں کی بیرون ملک اسمگلنگ میں ملوث گروہ کی اہم ملزمہ کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ متاثرہ فیملی نے پولیس کو درخواست دے رکھی تھی جس پر مقدمہ درج کیا گیا اور گرفتاری عمل میں آئی۔
دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزمہ نرگس نے شعبان کے نام سے اپنی جعلی شناخت بنا رکھی تھی، نرگس حلیہ بدل کر کشمیر آکر رشتے تلاش کرتی، نکاح کرتی، سفری کاغذات تیار کرکے دلہن کو بیرون ملک بلواتی اور فروخت کردیتی۔
نرگس رشتہ تلاش کرنے دوبارہ پاکستان پہنچی تو متاثرہ فیملی نے پہچان لیا اور پولیس کو فوری شکایت درج کرا کے گرفتار کرادیا۔
متاثرہ فیملی کی پولیس کو دی گئی درخواست کے مطابق نرگس لڑکا بن کر پاکستان آئی تھی اور اس نے ان کی بیٹی سے نکاح بھی کرلیا، شادی کے بعد بیٹی کا ویزا لگوا کر براستہ دبئی فرانس بھیج دیاجہاں علم ہوا کہ داماد لڑکا نہیں بلکہ لڑکی ہے، ان کی بیٹی پر گروہ نے تشدد کیا اور کئی مقامات پر فروخت کی کوشش کی، فرانس میں بمشکل بیٹی کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
پولیس کے مطابق ملزمہ پاکستانی نژاد فرانسیسی شہری ہے اور جہلم سے تعلق رکھتی ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میرپور کے مطابق میڈیکل رپورٹ میں ثابت ہوا ہےکہ نرگس لڑکا نہیں لڑکی ہے۔