24 جنوری ، 2024
پشاور ہائی کورٹ نے نوشہرہ کلاں میں 8 سالہ بچی سے زیادتی کے بعد قتل کرنےکےکیس میں ملزم کی اپیل خارج کردی اور ملزم کو 2 بار سزائے موت اور 2 بار عمر قیدکی سزا کا فیصلہ برقرار رکھا۔
پشاور ہائی کورٹ نے 26 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کردیا، فیصلے میں ملزم کی اپیل خارج کرتے ہوئے چائلڈ پروٹیکشن کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا گیا، عدالت نے ملزم کو 2 بار سزائے موت اور 2 بار عمر قیدکی سزا برقرار رکھی۔
ملزم نے28 دسمبر 2018 کو نوشہرہ کلاں میں8 سال کی بچی کو زیادتی کےبعد قتل کیا تھا۔
تحریری فیصلے میں عدالت کا کہنا تھا کہ ایسے ملزمان کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، یہ لوگ انسانی شکل میں بھیڑیے ہوتے ہیں، ایسے لوگوں کی وجہ سے معاشرہ غیر یقینی صورتحال کی طرف جا رہا ہے، آئے روز بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ ایک معصوم بچی کا اغوا اور قتل ظلم کی انتہا ہے، ایسی معصوم جانیں روزانہ یہ سوال کرتی ہیں کہ ان کا کیا قصور تھا، اس کا جواب نہ عدالت کے پاس ہے اور نہ معاشرے کے پاس۔