پاکستان
Time 26 جنوری ، 2024

عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ فلسطین کیلئے انصاف کےحصول کیلئے اہم سنگ میل ہے:دفتر خارجہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

فلسطینیوں کی نسل کشی کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر دفتر خارجہ کا ردعمل سامنے آیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کو حکم دیا کہ غزہ میں نسل کشی کی کارروائیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عالمی عدالت نے اسرائیل کو حکم دیا کہ فلسطینیوں کو انسانی امداد کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کرے، عالمی عدالت انصاف نے تسلیم کیا کہ اس کے پاس اسرائیل کے خلاف کیس سننے کا دائرہ اختیار ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ غزہ کے عوام کو درپیش مصائب کے خاتمے کے لیے فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی ضرورت ہے،7 اکتوبر 2023 سے اسرائیل فلسطینی عوام کے خلاف فوجی جارحیت اور مجرمانہ کارروائیوں میں مصروف ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کو فلسطینیوں کے لیے انصاف کے حصول کے لیے اہم سنگ میل سمجھتے ہیں، پاکستان عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر مکمل اور مؤثر عمل درآمد کا مطالبہ کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی افریقا کی طرف سے اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں دائر درخواست کی حمایت کرتا ہے۔

عالمی عدالت کا فیصلہ

عالمی عدالت انصاف نے اپنے عبوری فیصلے میں قرار دیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کیے جانے کے جنوبی افریقا کے عائد کردہ الزامات میں سے کچھ درست ہیں ، اسرائیل غزہ میں انسانی امداد کی اجازت دے۔

عالمی عدالت انصاف کے17رکنی پینل میں سے16 ججز موجود تھے اور صدر عالمی عدالت انصاف نے عبوری فیصلہ سنایا۔

عالمی عدالت انصاف کے 15 ججوں نے فیصلے کی حمایت اور 2 نے مخالفت کی جبکہ عالمی عدالت انصاف کے ہنگامی احکامات 2-15 کی اکثریت سے منظور ہوئے۔

مزید خبریں :