کھیل
Time 28 جنوری ، 2024

ڈبلیو ڈبلیو ای رائل رمبل کے دلچسپ مقابلے کون جیتنے میں کامیاب ہوا؟

اس سال کا ایونٹ فلوریڈا کے شہر St. Petersburg میں ہوا / فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
اس سال کا ایونٹ فلوریڈا کے شہر St. Petersburg میں ہوا / فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

ڈبلیو ڈبلیو ای کے ایونٹس میں اگر رائل رمبل کو سب سے دلچسپ قرار دیا جائے تو غلط نہ ہوگا۔

30 مرد اور خواتین ریسلرز کے الگ الگ ہونے والے رائل رمبل میچز میں ان افراد کو بھی دلچسپی ہوتی ہے جو اس کھیل کو کچھ زیادہ پسند نہیں کرتے۔

اس سال فلوریڈا کے شہر St. Petersburg میں ہونے والے رائل رمبل مقابلے بھی کافی دلچسپ ثابت ہوئے۔

واضح رہے کہ رائل رمبل مقابلے جیتنے والے ریسلرز ڈبلیو ڈبلیو ای کے سب سے بڑے سالانہ ایونٹ ریسل مینیا میں کسی ٹائٹل میچ کا حصہ بنتے ہیں۔

اس سال مردوں کا رائل رمبل مقابلہ کوڈی روڈز کے نام رہا جو مسلسل دوسرے سال یہ میچ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔

انہوں نے آخر میں سی ایم پنک کو رنگ سے باہر پھینک کر رائل رمبل میچ اپنے نام کیا۔

گزشتہ بار کی طرح اس سال بھی کوڈی روڈز رائل رمبل مقابلے کو جیت کر ڈبلیو ڈبلیو ای یونیورسل چیمپئن رومن رینز سے ریسل مینیا 40 میں مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ ریسل مینیا 39 میں رومن رینز نے کوڈی روڈز کو شکست دی تھی۔

مگر اس سال کوڈی روڈز رومن رینز کو شکست دے کر ڈبلیو ڈبلیو ای یونیورسل چیمپئن بننے کے خواب کو حقیقی شکل دینا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ آخری بار مسلسل 2 بار رائل رمبل مقابلے جیتنے کا اعزاز اسٹون کولڈ اسٹیو آسٹن نے حاصل کیا تھا جو 1997 اور 97 میں یہ میچز جیتنے میں کامیاب ہوئے۔

خواتین کے رائل رمبل مقابلے میں بیلے نے دیگر 29 ریسلرز کو شکست دے کر کامیابی اپنے نام کی تھی۔

بیلے نے آخر میں لیو مورگن کو رنگ سے باہر پھینک کر یہ میچ جیتا۔

ایونٹ کے ایک اور میچ میں رومن رینز نے رینڈی اورٹن، اے جے اسٹائلز اور ایل اے نائٹ کو شکست دے کر ڈبلیو ڈبلیو ای یونیورسل چیمپئن شپ کا کامیاب دفاع کیا۔

ایک اور میچ میں لوگن پال نے کیون اوئنز کو شکست دے کر یونائیٹڈ اسٹیٹس چیمپئن شپ کے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا۔

مزید خبریں :