03 فروری ، 2024
بھارتی پولیس نے گزشتہ 12 سالوں سے شوہر کی قید میں رہنے والی خاتون کو بازیاب کرالیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کرناٹکا میسورو میں 12 سال سے شوہر کی قید میں رہنے والی خاتون کو بازیاب کرالیا گیا، خاتون ملزم کی تیسری بیوی ہے۔
پولیس کے مطابق 30 سالہ خاتون نے دعویٰ کیا کہ اس کے شوہر نے اسے 12 سال تک گھر میں بند رکھا، وہ ٹوائلٹ کیلئے ایک چھوٹا سا ڈبہ استعمال کرتی تھی۔
پولیس کے مطابق بازیاب ہونے کے بعد خاتون نے شوہر کے خلاف مقدمہ کرنے سے انکار کیا اور اپنے والدین کے گھر جانے کا فیصلہ کیا۔
خاتون نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ میری شادی کو 12 سال کا عرصہ گزرچکا ہے، میرا شوہر مجھے گھر میں بند کرکے تشدد کا نشانہ بناتا تھا لیکن اس عرصے کے دوران کسی نے اس علاقے میں میرے لیے آواز نہ اٹھائی، میرے بچے اسکول جاتے تھے لیکن جب تک میرے شوہر کام سے واپس نہیں آجاتے وہ باہر ہی رہتے ہیں، مجھے کہا گیا تھا کہ میں بچوں کو اسکول سے واپس آنے کے بعد کھڑکی سے کھانا دوں۔
دوسری جانب مقامی پولیس افسر نے کہا کہ خاتون صرف دو تین ہفتوں سے اپنے گھر کے اندر قید تھی، اس دوران خاتون کو کہیں جانے کی اجازت نہیں تھی، شوہر کام پر جانے سے پہلے بیوی کو گھر میں بند کرکے رکھا جاتا تھا۔