Time 10 فروری ، 2024
پاکستان

پشاور میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کو بیشتر نشستوں پر شکست کا سامنا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پشاور  میں گزشتہ عام انتخابات کے مقابلے میں اس بار پی ٹی آئی  کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کو  بیشتر نشستوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

 پشاور میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی 18نشستوں پر پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار 9 نشستیں جیت سکے۔

قومی اسمبلی کی 5  میں سے4 نشستیں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار جیتے جب کہ صوبائی اسمبلی کی 13 میں سے 5 نشستیں جیت سکے۔

تحریک انصاف کے تیمور  سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور سابق ڈپٹی اسپیکر محمود جان اپنی نشستیں نہ جیت سکے، باقی 8 نشستوں میں سے 2، 2 نشستیں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی جب کہ اے این پی، پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین اور جے یو آئی کے امیدوار ایک ایک نشت جیت سکے، ایک نشت آزاد امیدوار نے بھی جیتی۔

خیال رہے کہ عام انتخابات 2024 میں خیبرپختونخوا میں آزاد امیدواروں نے اسمبلی کی 91 نشستیں جیت کر تاریخ رقم کی ہے۔

آزاد امیدواروں نے جے یو آئی، اے این پی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کا صوبے کے بیشتر اضلاع سے صفایا کردیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواروں نے دو تہائی نشستیں حاصل کیں تاہم پشاور میں ان کو قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی بیشترنشستوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

صوبے میں مجموعی طور پر دیکھا جائے تو  صوبائی اسمبلی کی 115 نشستوں میں سے 113 پر انتخابات ہوئے جن میں سے91 نشستیں آزاد امیدواروں نے جیتں۔

پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ بیشتر امیدوار جنرل نشستوں پر کامیاب ہوئے جب کہ جے یو آئی نے 7، پاکستان مسلم لیگ ن نے 5، پاکستان پیپلز پارٹی نے 4، جماعت اسلامی نے 3، پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین نے 2 جب کہ اے این پی نے ایک نشست جیتی۔

مزید خبریں :