15 فروری ، 2024
خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی واضح اکثریت کے باوجود حکومت سازی پر اب تک کوئی مشاورت شروع نہ ہوسکی اور بے یقینی کی صورتحال برقرار ہے۔
خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی اب تک اپنے منتخب ممبران کو اکٹھا نہ کرسکی، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 83 آزاد امیدوار الیکشن جیتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق لیڈر شپ کے فقدان کے باعث آزاد منتخب امیدواروں کو اکٹھا نہیں کیا جاسکا، منتخب ہونے والے آزاد امیدوار بھی تذبذب کا شکار ہیں، تیمور جھگڑا،کامران بنگش اور دیگر سینیئر رہنما دھاندلی پر احتجاج میں مصروف ہیں۔
پی ٹی آئی کی جانب سے خیبر پختونخوا کے نامزد وزیرِ اعلیٰ اور پی ٹی آئی کے رہنما علی امین گنڈا پور نےکہا ہےکہ وہ جلد پشاور کا دورہ کرکے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلائیں گے، اداروں کو اعتماد میں لیں گے اور اعتماد دیں گے۔
ایک انٹرویو میں علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ وہ اداروں کے ساتھ کوئی غلط فہمی نہیں چاہتے۔