Time 19 فروری ، 2024
کاروبار

آئی ایم ایف نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے منصوبوں کی شفافیت پر اعتراض اٹھا دیا

ایس ڈی پی کے تحت ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی مکمل معلومات دستیاب نہیں، ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت لانے کی اشد ضرورت ہے: آئی ایم ایف۔ فوٹو فائل
ایس ڈی پی کے تحت ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی مکمل معلومات دستیاب نہیں، ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت لانے کی اشد ضرورت ہے: آئی ایم ایف۔ فوٹو فائل

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت چلنے والے منصوبوں کی شفافیت پر اعتراض اٹھا دیا۔

ذرائع آئی ایم ایف کے مطابق پی ایس ڈی پی کے تحت ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی مکمل معلومات دستیاب نہیں ہے، پی ایس ڈی پی کے تحت ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت لانے کی اشد ضرورت ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے تجویز پیش کی ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کا دستاویزی عمل مؤثر بنایا جائے، بجٹ دستاویز میں ترقیاتی منصوبوں کی لوکیشن اور ڈیولپمنٹ فارمیٹ بھی شامل کیا جائے، بجٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کو پی ایس ڈی پی میں شامل کیا جائے۔

آئی ایم ایف حکام کا کہنا ہے کہ مالیاتی مشکلات کے باعث ترقیاتی منصوبوں کے مقاصد سے بھی عالمی مالیاتی فنڈ کو آگاہ کیا جائے، وزارت خزانہ، وزارت منصوبہ بندی آئی ایم ایف کی شرط پر عملدرآمد کیلئے پیپر ورک کریں گی، آئندہ مالی سال کے بجٹ کیلئے آئی ایم ایف نے ترقیاتی بجٹ کیلئے تجاویز دی ہیں۔