بھائی نے 17 سال کی عمر میں اسلام قبول کرلیا تھا: وکرانت میسی کا انکشاف

میری والدہ سکھ اور والد کرسچن ہیں، میری اہلیہ شیتل ہندو جب کہ میں خود کرسچن ہوں، میرے بڑے بھائی کا نام معین ہے: اداکار کی گفتگو__فوٹو: انسٹاگرام/وکرانت میسی
میری والدہ سکھ اور والد کرسچن ہیں، میری اہلیہ شیتل ہندو جب کہ میں خود کرسچن ہوں، میرے بڑے بھائی کا نام معین ہے: اداکار کی گفتگو__فوٹو: انسٹاگرام/وکرانت میسی

بالی وڈ اداکار وکرانت میسی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے بھائی نے 17 برس کی عمر میں اسلام قبول کرلیا تھا۔

کچھ ماہ قبل حقیقی زندگی پر بننے والی سپر ہٹ فلم 'بارہویں فیل' میں مرکزی کردار نبھانے والے وکرانت میسی نے حال ہی میں ایک انٹرویو دیا جس میں انہوں نے اپنی فیملی کے مذہب سے متعلق انکشافات کیے۔

اداکار نے بتایا کہ 'میری والدہ سکھ اور والد کرسچن ہیں، میری اہلیہ شیتل ہندو جب کہ میں خود کرسچن ہوں، میرے بڑے بھائی کا نام معین ہے جسے سن کے آپ کو حیرانی ہوگی، اس نے 17 برس کی عمر میں اسلام قبول کرلیا تھا'۔

وکرانت میسی کا کہنا تھا کہ 'میرے والدین نے بھائی کو اسلام قبول کرنے سے نہیں روکا، بلکہ انہوں نے کہا کہ بیٹا اگر تمہیں اس مذہب میں سکون ملتا ہے اور تم خوش ہو تو بھلے قبول کرلو، یہ ایک بہت بڑا قدم تھا جو میرے بھائی نے اٹھایا'۔

اداکار نے کہا کہ 'جب میرے بھائی نے اسلام قبول کیا تو خاندان والوں نے اعتراض کیا اور بہت سے سوالات اٹھے تاہم میرے والد نے سب کو یہ کہہ کر خاموش کروا دیا کہ یہ آپ کا مسئلہ نہیں ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'بچپن سے ہی میں اپنے گھر میں مختلف مذہب، روحانیت اور عقائد کو لے کر بحث و مباحثہ دیکھتا رہا ہوں، ہمارے گھر پر ہمیشہ اس بار ے میں بات ہوتی رہی ہے'۔

واضح رہے کہ وکرانت میسی کی فلم بارہویں فیل ودھو ونود چوپڑا کی ہدایت کاری میں 2023 کی سپر ہٹ فلم بن کر ابھری اور اسے گزشتہ سال کی بہترین فلموں میں سے ایک قرار دیا گیا۔

مزید خبریں :