25 جنوری ، 2013
کراچی…ملک بھر کے مسلمان پیارے نبی حضرت محمد ﷺ کا یوم ولادت مذہبی جوش و جذبے سے منارہے ہیں۔”سرکار کی آمد مرحبا“ کے نعروں کے ساتھ ریلیاں نکالے جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔لاہو ر ،پشاور اورکوئٹہ میں دِن کا آغا ز توپوں کی سلامی سے ہوا،اسلام آباد سمیت چاروں صوبائی دارلحکومت سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں عید میلاالنبیﷺ کی مناسبت سے جلوس نکالے جارہے ہیں اور دورو سلام کی محافل کا انعقاد کیا جارہاہے۔پشاور میں میلاد کا مرکزی جلوس میلاد چوک سے نکالا جائے گا جو ہشت نگری، چوک شادی پیر، کریم پورہ، گھنٹہ گھر اور سبزی منڈی سے ہوتا ہوا قصہ خوانی بازار پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا،عید میلاد کے سلسلے میں مرکزی جلوس باچاخان چوک سے برآمد ہورہاہے۔پنجاب میں گوجرانوالہ، ملتان،فیصل آباد، سرگودھا، بہاول پور اور ڈیرہ غازی خان سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عید میلاد النبیﷺکے سلسلے میں روح پرور تقریبات جاری ہیں۔ نعت و منقبت کی محافل میں ذکر سلطان الانبیاء کیا جارہا ہے۔ جلوسوں اور ریلیوں کے راستوں پر ٹھنڈے پانی اور شربت کی سبیلیں لگی ہیں۔ان محفلوں میں شریک عاشقان ِمصطفیﷺ فضا میں سرکار کی آمد مرحبہ کے نعرے بلند کر رہے ہیں،سیالکوٹ میں خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے ماڈلز بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ سندھ میں لاڑکانہ، حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص، نواب شاہ، دادو،نوشہروفیروز اور بدین سمیت سندھ بھر میں بھی جشن عید میلاد النبیﷺ پورے مذہبی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔ جگہ جگہ ریلیاں نکالی جارہی ہیں اور جلوس برآمد ہورہے ہیں۔ لاڑکانہ میں درگاہ مشوری شریف پر بھی یوم ولادت رسول اللہ ﷺ کی دو روزہ تقریبات جاری ہیں۔جہاں ملک بھر سے آنے والے نعت خواں حضرات بارگاہِ رسالت معاب میں ہدیہ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ بلوچستان میں بھی نصیرآباد، جعفرآباد،ڈیرہ مرادجمالی،سبی، بولان، جھل مگسی اور حب سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی عاشقان رسول ﷺ جلسے جلوس اور ریلیاں نکال کر سرکار دوعالم سے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کررہے ہیں۔ چھوٹے چھوٹے بچے ہاتھوں میں نعالین پاک کی شبیہ والے جھنڈے اٹھائے ہوئے ہیں۔ گلگت بلتستان ، خیبرپختون خوا اور کشمیر کے مختلف شہروں میں بھی نعتیہ محافل منعقد کی جارہی ہیں۔ جلسے،جلوس اور ریلیوں کے شرکاء اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہیں جو رسول خدا کی بارگاہ میں اپنے اپنے انداز میں نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔