Time 24 فروری ، 2024
پاکستان

قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی نشستوں پر کامیاب ارکان کے نوٹیفکیشن جاری

قومی اسمبلی میں اب تک کی پارٹی پوزیشن کے مطابق ن لیگ 108 سیٹوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی جبکہ پیپلز پارٹی کی نشستوں کی تعداد 68 ہوگئی— فوٹو: فائل
قومی اسمبلی میں اب تک کی پارٹی پوزیشن کے مطابق ن لیگ 108 سیٹوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی جبکہ پیپلز پارٹی کی نشستوں کی تعداد 68 ہوگئی— فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر کامیاب 7 ارکان کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کردیے۔

اقلیتوں کی 7 نشستوں میں سے پاکستان مسلم لیگ ن کو 4، پیپلز پارٹی کو 2 اور ایم کیو ایم کو ایک نشست ملی۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے کھیئل داس کوہستانی، ڈاکٹر درشن، نیلسن عظیم اور اسفندیار بھنڈارا اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

پیپلز پارٹی کو ملنے والی نشستوں پر رمیش لال اور نوید عامر رکن قومی اسمبلی بن گئے۔

ایم کیو ایم کے حصے میں آنے والی اقلیتوں کی ایک مخصوص نشست پر مہان منجیانی کو رکن قومی اسمبلی منتخب کیا گیا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی نشستوں کے مطابق اب تک کی پارٹی پوزیشن جاری کر دی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جاری کردہ قومی اسمبلی میں جنرل نشستوں پر پارٹی پوزیشن کے مطابق مسلم لیگ ن کو اقلیتوں کی 4 اور خواتین کی 20 نشستیں ملیں، مسلم لیگ ن کی اب تک کی قومی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 108 ہو گئی۔

قومی اسمبلی میں  اقلیتوں کی 2 اور خواتین کی 12 مخصوص نشستیں ملنے کے بعد پیپلز پارٹی کی نشستوں کی مجموعی تعداد 68 ہو گئی ہے۔

سنی اتحاد کونسل میں  81 نو منتخب آزاد ارکان شامل ہوئے تاہم ان کی مخصوص نشستوں کا معاملہ الیکشن کمیشن میں زیر التوا ہے۔

مزید خبریں :