26 فروری ، 2024
بھارتی اداکارہ و ماڈل اروشی روٹیلا نے اپنی سالگرہ پر 24 قیراط سونے سے بنا اسپیل کیک کاٹا جس کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
اداکارہ اروشی روٹیلا نے 25 فروری کو اپنی 30 ویں سالگرہ منائی، اداکارہ نے اپنی سالگرہ میوزک پروڈیوسر اور گلوکار یو یو ہنی سنگھ کے ساتھ اپنے آنے والے گانے 'لوو ڈوز 2' کے سیٹ پر شاندار طریقے سے سونے کا کیک کاٹ کر منائی۔
اروشی نے انسٹاگرام پر اپنی سالگرہ کی تقریب کی تصاویر پوسٹ کیں جن میں اداکارہ کو ہنی سنگھ کے ساتھ اپنی سالگرہ مناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، ویڈیوز میں اداکارہ 24 قیراط اصلی سونے سے تیار کردہ کیک کاٹتے نظر آ رہی ہیں جس کی قیمت 3 کروڑ بھارتی روپے ہے۔
تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے وقت اروشی روٹیلا نے کیپشن میں لکھا یہ لوو ڈوز 2 کے سیٹ پر میری سالگرہ کا جشن ہے اور میں یو یو ہنی سنگھ کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی کہ ان کی انتھک کوششوں اور فکر نے میرے کیریئر کو مزید روشن کیا ، آپ کی موجودگی میرے لیے بہت معنی رکھتی ہے۔
اروشی روٹیلا کی سالگرہ کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے طرح طرح کے تبصرے کرناشروع کر دیے، ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ 24 قیراط اصلی سونے کا کیک کاٹنے والی ہندوستان کی پہلی خاتون جبکہ ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا “تو آپ کے پیٹ میں سونا ہی سونا ہے۔
یہ واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی اروشی نے بیرون ملک اپنی پرتعیش سالگرہ پر 98 لاکھ بھارتی روپے سے زائد اڑا دیے تھے۔