28 فروری ، 2024
16 ویں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، مجوزہ شیڈول کے مطابق 29 فروری صبح 10 بجے نومنتخب ارکان قومی اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے حکام کے علاوہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی بھی 29 فروری کو مجوزی نو منتخب قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔
مجوزہ شیڈول کے مطابق 29 فروری کو نومنتخب ارکان قومی اسمبلی حلف اٹھائیں گے، اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نو منتخب ارکان سے حلف لیں گے، حلف کے بعد تمام ارکان رجسٹر پر دستخط بھی کریں گے۔
قومی اسمبلی میں پہلے مرحلہ مکمل ہو جانے کے بعد دوسرے مرحلے میں یکم مارچ کو اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے، جس کے بعد اگلے دن 2 مارچ کو خفیہ رائے شماری کے ذریعے ایوان کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد اگلے مرحلے میں انتخاب ہوگا قائد ایوان یعنی وزیر اعظم کا، قائد ایوان کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی 3 مارچ کو جمع کیے جائیں گے اور 4 مارچ کو قومی اسمبلی نئے وزیراعظم کا انتخاب کرے گی۔
ذرائع کے مطابق توقع ہے 3 مارچ کے روز ہی وزیر اعظم اپنے عہدے کا حلف بھی لے لیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار شہبازشریف کو دوسری بار وزیراعظم بننے کیلئے 169 ووٹ درکار ہیں، اس وقت مسلم لیگ ن اور اتحادیوں کو 200 سے زائد ارکان کی حمایت حاصل ہے۔
اس وقت قومی اسمبلی کا ایوان 336 ارکان پر مشتمل ہے جن میں سے 266 نشستوں پر براہ راست انتخابات کے ذریعے ارکان اسمبلی کو منتخب کیا جاتا ہے باقی ارکان مخصوص نشستوں پر ایوان کا حصہ بنتے ہیں۔
واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے 29 فروری کو قومی اسمبلی اجلاس بلانے کی سمری مسترد کرکے واپس بھیج دی تھی۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے موقف اختیارکیا ہےکہ پہلےخواتین اور اقلیتوں کی نشستوں کو مکمل کیا جائے۔
صدر کے فیصلے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی سربراہی میں ہنگامی اجلاس میں قومی اسمبلی اجلاس بلانےکا فیصلہ کیا تھا۔
بعد ازاں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے 29 فروری کو قومی اسمبلی اجلاس کا وقت مقرر کر دیا۔