03 مارچ ، 2024
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے امیگریشن سیل نے جعلی ایمرجنسی پاسپورٹ پر جدہ سے کراچی پہنچنے والے تین مسافروں کو گرفتار کر لیا۔
بیرون ملک سے آنے والے 3 مسافروں محمد صدیق، ابوبکر اور عبدالرحمان کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل منتقل کر دیا گیا ہے، ملزمان ایمرجنسی اور نان اسٹینڈرڈ پاسپورٹس پر سعودی عرب سے پاکستان پہنچے تھے۔
ملزم محمد صدیق اور ابوبکر کی جانب سے پیش کیے جانے والے ایمرجنسی پاسپورٹس جعلی نکلے جبکہ ملزم عبدالرحمان کے پاسپورٹ پر جعلی تجدیدی اسٹمپ لگی ہوئی تھی۔
ملزمان فلائٹ نمبر SV700 سے پاکستان پہنچے تھے، ملزمان کی شہریت کے حوالے سے جانچ پڑتال اور مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔