26 جنوری ، 2013
ٹھٹھ … ٹھٹھہ میں نامعلوم افراد نے میراں پیر کے تاریخی قبرستان میں خفیہ خزانے کی تلاش میں کئی قبریں کھود ڈالیں۔ میراں پیرکا تاریخی قبرستان جھرک میں تین اطراف سے پہاڑوں کے دامن میں گھرا ہوا ہے، یہ قدیم قبرستان 712 عیسوی میں محمد بن قاسم کی سندھ میں آمدسے پہلے بنایا گیا، جہاں نامعلوم افراد نے رات کی تاریکی میں 4 سب سے پْرانی قبروں کو کئی کئی فٹ گہرا کھود دیا ہے۔ ملزمان نے نہ صرف خوبصورت نقش و نگارسے آراستہ قبروں پر لگے منقش پتھر توڑ دیئے بلکہ قبروں میں موجود باقیات کو بھی باہر نکال دیا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق میراں پیرکے تاریخی قبرستان میں 5 ہزار سے زائد قبریں موجود ہیں۔ کچھ عرصے سے لالچ میں اندھے بعض لوگ قدیم خفیہ خزانے کی تلاش میں رات کے اندھیرے میں قبروں کو کھود رہے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ آثار قدیمہ سمیت تمام متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کو صورتحال سے آگاہ کیا گیا لیکن تاحال قبرستان کی حفاظت کیلئے کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔