26 جنوری ، 2013
راولپنڈی … راول پنڈی میں ایک دکان پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک تاجر جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہو گئے۔ تاجروں نے واقعے کے خلاف احتجاجاً دکانیں بند اور کری روڈ پر ٹریفک بلاک کر دیا، علاقہ ایس ایچ او کو معطل کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں تھانہ صادق آباد کے علاقے حاجی چوک پر مسلح ڈاکو آٹو اسپیئر پارٹس کی ایک دکان میں گھس آئے، مزاحمت پر ڈاکووٴں نے فائرنگ کر دی جس سے 3 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے تاجر سہیل عباس جاں بحق ہو گیا، ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ڈاکو دکان سے رقم لوٹ کر فرارہو گئے اور موٹرسائیکل چھوڑ گئے۔ تاجروں نے واقعے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے دکانیں بند کر دیں اور ٹریفک بلاک کر دی۔ ایس پی راول ٹاوٴن چوہدری حنیف نے صادق آباد میں بڑھتی وارداتیں روکنے میں ناکامی پر ایس ایچ او کو معطل کر دیا ہے۔ ادھر اسلام آباد میں تھانہ شہزاد ٹاوٴن کے علاقے ڈھوک اعظم میں ایک شخص نے شک کی بنیاد پر اپنی بیوی اور 35 سالہ شخص کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔