پاکستان
Time 06 مارچ ، 2024

آڈیو لیک کا معاملہ: ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی تحلیل کردی گئی

خالد مقبول صدیقی نے مرکزی ایڈہاک کمیٹی بنا دی جس کے کنوینر وہ خود ہونگے: ترجمان— فوٹو:اسکرین گریب/فائل
خالد مقبول صدیقی نے مرکزی ایڈہاک کمیٹی بنا دی جس کے کنوینر وہ خود ہونگے: ترجمان— فوٹو:اسکرین گریب/فائل

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی رابطہ کمیٹی تحلیل کردی گئی۔

ترجمان کے مطابق کنوینرخالدمقبول صدیقی کی زیرصدارت ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں رابطہ کمیٹی تحلیل کردی گئی۔

ترجمان نے بتایاکہ دوسرے مرحلے میں تمام شعبے، صوبائی کمیٹیاں، زونز، ٹاؤنز اور یوسیز کی تنظیم نو کی جائیگی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ خالد مقبول صدیقی نے مرکزی ایڈہاک کمیٹی بنا دی جس کے  کنوینر وہ خود ہونگے۔

کمیٹی میں مصطفیٰ کمال، فاروق ستار، نسرین جلیل، انیس قائمخانی، کیف الوری، رضوان بابر شامل ہیں۔

دوسری جانب ذرائع ایم کیو ایم نے بتایاکہ رابطہ کمیٹی کو آڈیو لیک سامنے آنے کے بعد تحلیل کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ایم کیو ایم اجلاس میں ن لیگ سے مذاکرات پر مصطفیٰ کمال کی بریفنگ کی آڈیو لیک ہوئی تھی۔

سوشل میڈیا پر لیک آڈیو میں مصطفیٰ کمال یہ کہتے سنائی دے رہے ہیں کہ ن لیگ سے مذاکرات کے لیے پہنچے تو لگا جیسے بن بلائے گئے، جیسے کوئی دروازہ کھول کر اندر آجائے تو آپ بولتے ہیں کہ اچھا آجاؤ۔

انہوں نےمزید کہاکہ ن لیگ نے پیپلز پارٹی سے مذاکرات پر اعتماد میں نہیں لیا، الٹا کہا کہ پیپلزپارٹی کہتی ہے ایم کیوایم کا مینڈیٹ 100 فیصد جعلی ہے، اس لیے ایم کیو ایم سے بات کرنے کی ضرورت نہیں۔

بعدازاں مصطفیٰ کمال نے تصدیق کی تھی کہ سوشل میڈیا پر لیک آڈیو ان کی ہی ہے۔