اپنی غلطیوں کو درست کرنےکی کوشش کر رہا ہوں: حارث رؤف

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا ہےکہ میں اپنی غلطیوں کو  درست کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔

کراچی میں جیو نیوز  سےگفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہےکہ کہاں غلطی کر رہا ہوں،کوشش کروں گا کہ انگلینڈ سیریز  اور  ورلڈکپ تک مکمل فٹ ہوجاؤں، اولین ترجیح اس وقت خود کو جلد از جلد فٹ کرنا ہے۔

حارث رؤف کا کہنا تھا کہ انجری کھیل کا حصہ ہے، پہلے کبھی ایسی انجری نہیں ہوئی، پی ایس ایل پاکستان کا بڑا ایونٹ ہوتا ہے، اس ایونٹ میں کھلاڑی کی زندگی کی بہترین یادیں بن رہی ہوتی ہیں، مین کھلاڑی سے ٹیم کی امیدیں بھی وابستہ ہوتی ہیں، انجری ہوجائے تو ٹیم بھی مشکل میں آجاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنی انجری سے بڑا افسردہ ہوں کہ کیوں نہیں کھیل رہا، ٹیم کو  میری ضرورت بھی ہے، ٹیم سے باہر رہ کر بھی اپنا کردار بخوبی ادا کر رہا ہوں، ٹیم میں شامل نوجوان بولرز کو ٹپس دے رہا ہوں، انجری ہوئی تو شروع میں کافی تکلیف رہی، تکلیف کی وجہ سے نیند بھی نہیں آرہی تھی۔

حارث رؤف کا کہنا تھا کہ  آگے بہت کرکٹ آرہی ہے، فوکس ہے جلد از جلد اس انجری سے نجات حاصل کروں،کوشش ہوگی کہ اسٹرانگ کم بیک کروں، میں خود کو کسی سے ثابت کرانے کے لیے کرکٹ نہیں کھیل رہا،  زندگی میں اتار چڑھاؤ  آتے رہتے ہیں کھیل میں بھی کارکردگی اوپر نیچے رہتی ہے،  معلوم ہےکہ کم بیک کیسےکرسکتا ہوں،  یقینی طور  پر  کچھ غلطیاں ہوئیں، کوشش ہوگی وہ غلطیاں نہیں دہراؤں۔

انہوں نے مزید کہا کہ  دوران انجری کھلاڑیوں اور کپتان شاہین نے بہت سپورٹ کیا، منیجمنٹ میں ثمین رانا نے بہت سہارا دیا، برے وقت میں سہارا مل جائے تو ہمت بنتی ہے، برے وقت میں معلوم ہوجاتا ہےکہ میرے اردگرد کون ہے اور کون نہیں ہے۔

مزید خبریں :