27 جنوری ، 2013
پشاور…جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آج ملک میں علاقائیت، صوبائیت اور لسانیت کی باتیں ہورہی ہیں۔لوگوں کو ایک قوم بنانے کی بجائے شیعہ سنی، پختون پنجابی اور سندھی میں تقسیم کیا گیا ہے۔پشاور میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمیں اس ملک کو قائم رکھنے کے لیے اپنی تمام توانائیاں صرف کرنی ہیں،ہم اپنے وطن سے وفادار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا آئین قومی میثاق ہے۔ اس سے انحراف کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ 65 سال سے جو قوتیں ملک پرحکمران رہی ہیں، انہوں نے پاکستان کے بنیادی مقصد سے انحراف کیا ہے۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج ہم ایک قوم نہیں رہے۔ہرطرف خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختون خوا میں پانچ سال سے غیراعلانیہ مارشل لا ہے۔انہوں نے کہا کہ اصلاح احوال کے لئے دوبارہ انتخابات کی طرف جانا ہے، لوگوں اب ہوش کے ناخن لیں اور لٹیروں کو پہچان لیں۔