12 مارچ ، 2024
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے صاحبزادے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بھائی حسین نواز اور حسن نواز لندن سےلاہور پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے جاتی عمرا پہنچنے پر اپنے دونوں بیٹوں کا استقبال کیا۔
خیال رہےکہ حسین نواز اور حسن نواز کافی عرصے سے لندن میں موجود تھے،گزشتہ دنوں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں 3 ریفرنسز میں نواز شریف کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز کے وارنٹ گرفتاری کی معطلی کی درخواستیں دائرکی گئی تھیں۔
حسن نواز اور حسین نواز کے وکیل کا کہنا تھا کہ حسن اور حسین نواز 12 مارچ کو پاکستان آنا اور احتساب عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں۔
بعد ازاں احتساب عدالت نے حسن نواز اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے تھے۔
عدالت نے 14 مارچ تک کے لیے دونوں کے العزیزیہ، فلیگ شپ و ایون فیلڈ ریفرنس میں دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کیے تھے۔
احتساب عدالت نے دسمبر 2017 میں مسلسل غیر حاضری پر حسن اور حسین نواز کو باضابطہ طور پر اشتہاری قرار دیا تھا۔