13 مارچ ، 2024
وزیر اطلاعات پنجاب عَظمیٰ بخاری نے کہا ہےکہ راولپنڈی کی اڈیالا جیل کے حوالے سے بہت سنجیدہ تھریٹ الرٹ ہے۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھاکہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو اڈیالا جیل سے کہیں اور منتقل کرنے کی اطلاع نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اڈیالا جیل کے حوالے سے بہت سنجیدہ تھریٹ الرٹ ہے، کچھ دن پہلے دہشت گرد پکڑے گئے جن کے پاس اڈیالہ جیل کے نقشے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی نے جیل میں بیٹھ کر انتخابی عمل گزارا، اگر ہم نے روکنا ہوتا توپہلے روک دیتے۔
خیال رہے کہ دہشتگردی کے خدشے کے پیش نظر اڈیالا جیل کے تمام قیدیوں بشمول عمران خان کی ملاقاتوں پر دو ہفتے کیلئے پابندی لگادی گئی ہے اور یہ فیصلہ محکمہ داخلہ پنجاب نے کیا۔
اس فیصلے کے بعد اڈیالا جیل پہنچنے والے پی ٹی آئی رہنماؤں عمرایوب، فردوس شمیم نقوی ، عاطف خان اور شہرام تراکئی کو عمران خان سے ملنے نہیں دیا گیا۔